لاہور : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا جنگ کے خواہشمند نہیں اگر جنگ ہوئی تو ہم بھارت کو تباہ کردیں گے ، 27 تاریخ کو اقوام متحدہ میں عمران خان کی تقریر تاریخی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا مسئلہ کشمیروزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حل ہوگا ، کشمیریوں کی حمایت کرنے والا محبت وطن ہے ، کشمیریوں سے دغا کرنے والا غدار وطن ہوگا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم جنگ کے خواہشمند نہیں ہیں اگر جنگ ہوئی تو ہم بھارت کو تباہ کر دیں گے اور عمران خان اور آرمی چیف کی قیادت میں لڑیں گے ، افواہیں پھیل رہی ہیں ٹرمپ عمران خان کو دھوکا دے رہا ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا میں قوم کے جذبات دنیا کو بتانا چاہتا ہوں ، کشمیر کا مسئلہ حل ہونا ہے ، قوم کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، پاکستان کی خارجہ پالیسی شاہ محمودکی قیادت میں اچھی چل رہی ہے ، 27 تاریخ کو اقوام متحدہ میں عمران خان کی تقریر تاریخی ہوگی۔
گذشتہ روز وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے ایٹمی ٹیکنالوجی کرائے پر دینے کیلئے رکھی ہے؟ یہ ہتھیار شب برات یادیوالی پر چلانے کیلئے نہیں رکھے ، جب پاکستان کے دفاع کا وقت آئے گا تو سب کو نیست ونابود کر دیں گے ، جہاد ہمارا ایمان ہے اور ہمیں جہاد کی ضرورت ہے۔