کارکردگی کیلئے وقت کم اور مقابلہ سخت ہے ،ہم نہیں ہمارے کام بولیں گے ,عبدالعلیم خان

05:23 PM, 29 Aug, 2018

لاہور: سینئر صوبائی وزیر پنجاب اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ہر شعبے میں کامیابی اور کارکردگی دکھانے کیلئے وقت کم اور مقابلہ سخت ہے ،تبدیلی لانے اور لوگوں کو صحیح معنوں میں ریلیف پہنچانے کیلئے کسی اقدام سے گریز نہیں کرینگے -

تفصیلات کے مطابق ، علیم خان نے کہا ہے کہ  ہم نہیں ہمارے کام بولیں گے کہ ہم  کس حد تک عوامی توقعات پر پورا اترے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اضلاع اور لاہور شہر سے مبارکباد دینے کیلئے آنے والے پارٹی رہنماؤں و کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی وفاق اور پنجاب میں حکومت ہمارے سیاسی مخالفین کو ایک آنکھ نہیں بھاتی ، اسی لیے پی ٹی آئی کے خلاف ڈس انفارمیشن کی منظم مہم شروع کر دی گئی ہے اور نان ایشوز کو میڈیا پر زیر بحث لایا جا رہا ہے -

انہوں نے کہا کہ نواز لیگ اور اُس کے حواری حوصلہ رکھیں "ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے "اور اصل کھیل ابھی باقی ہے ،ہم نے کام کرنا ہے اور عوام کی توقعات پر ہر حال میں پورا اترنا ہے ،عبدالعلیم خان نے کہاکہ ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبانے اور لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولتو ں سے محروم کرنے والوں کو پی ٹی آئی پر الزامات لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے ۔


سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کے پولیٹیکل آفس گلبرگ میں مبارکباد دینے کیلئے آنے والوں کا تانتا بند ھ گیا ،پی ٹی آئی کے رہنماؤں و کارکنوں نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے ،پتیاں نچھاور کیں اور اُن کے سینئر وزیر بننے کی خوشی میں ڈھیروں من مٹھائی تقسیم کی ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ وزارت کو پارٹی کی امانت اور عمران خان کی طرف سے کیا گیا اعتماد سمجھتے ہیں جس پر وہ پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے ، مبارکبا دینے کیلئے آنے والوں میں عثمان ڈار ، شعیب صدیقی ،جمشید اقبال چیمہ ،اعجاز چوہدری، اعجاز ڈیال ،ندیم نثار ،منشاء سندھو ،رائے عزیز اللہ ، شاہ نواز چیمہ ، میاں افتخار ، شبیر سیال ،فیاض بھٹی ،لکی خان ، رانا ثاقب،میاں جاوید علی ،حامد سرور ،بابر اعوان ،رانا ندیم ، نوشیر مان ، علی امتیاز وڑائچ ،ملک جاوید یوسف  بھی موجود تھے-

پارٹی کارکنوں نے عبدالعلیم خان کے حق میں زبردست نعرے بازی کی اور انہیں سینئر وزیر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ 

مزیدخبریں