لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی نے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کے لیے لاہور کے حلقہ این اے 124 کے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں، عام انتخابات میں اس نشست سے حمزہ شہباز کامیاب ہوئے تھے تاہم انہوں نے یہ نشست چھوڑ کر صوبائی نشست اپنے پاس رکھی تھی۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف حلقوں میں ضمنی الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے، کاغذات نامزدگی وصول کرنے اور جمع کرانے کا آخری روز کل ہے۔ فیصل آباد کے حلقہ این اے 108 میں شکست کا سامنا کرنے والے لیگی رہنما عابد شیر علی نے این اے 124 لاہور سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔ پی ٹی آئی کے نعمان قیصر اور محمد خان مدنی نے بھی اس حلقے سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔ ضمنی الیکشن کے لیے 4 ستمبر کو کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی ہوگی جبکہ 15 ستمبر تک امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ 16 ستمبر کو امیدواروں کو نشانات الاٹ کیے جائیں گے اور 14 اکتوبر کو لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 میں عابد شیر علی نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 سے حصہ لیا تھا، انہیں تحریک انصاف کے نوجوان امیدوار فرخ حبیب نے سخت مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔