پاک سرزمین پارٹی نے بھی مردم شماری کے نتائج کو مسترد کر دیا

12:34 PM, 29 Aug, 2017

کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا وسائل کی منصفانہ تقسیم سے ہی ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا مردم شماری کا مقصد ترقی کیلئے درست اعدادوشمار کو سامنے لانا ہے لیکن موجودہ مردم شماری میں ایک شہر کو دوسرے پر فوقیت دی گئی۔ لاہور کی آبادی میں 116 فیصد اضافہ دکھایا گیا۔ انہوں نے کہا عید کے بعد جلسے اور سیمینارز میں عوامی آگاہی مہم چلائیں گے جبکہ معاملے پر سپریم کورٹ سے بھی رجوع کریں گے۔

انیس ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ سالانہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ کراچی آتے ہیں کیونکہ پنجاب سے بھی لوگ سندھ اور کراچی میں آباد ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا بیوروکریسی پاکستان کی خدمت کر رہی ہے یا صوبوں کو لڑا رہی ہے؟۔ آرمی چیف مردم شماری کے اصل نتائج سامنے لائیں۔ پی ایس پی رہنما نے مزید کہا کہ 1998 میں کراچی کی آبادی 98 لاکھ تھی اور مردم شماری کے نقائص کو دور کیا جائے جبکہ کچھ لوگوں کی کوشش ہے کہ نسلی تفریق ڈالی جائے۔

واضح رہے گزشتہ روز ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف بھی 19 سال بعد ہونے والی مردم شماری کے نتائج کو متنازعہ قرار دے چکے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے مردم شماری کے ابتدائی نتائج کو دھاندلیوں کی ماں قرار دیدیا تھا جبکہ تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے نتائج تسلیم ہیں مگر کراچی شہر کی حد بندی سے اختلاف ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں