اسلام آباد :ملک بھر میں پاسپورٹ چھپائی کا عمل ایک بار پھر متاثر ہوگیا ہے اور بیک لاگ ایک بار پھر 2 لاکھ سے تجاوز کرگیا ہے۔ پاسپورٹ کی چھپائی کا عمل ایک بار پھر سست روی کا شکار ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں پاسپورٹ حاصل کرنے کے منتظر افراد کی پریشانیوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے۔
دسمبر اور جنوری میں پاسپورٹ کے لیے اپلائی کرنے والوں کو تاحال پاسپورٹ نہیں مل سکے، ذرائع کے مطابق دسمبر اور جنوری میں پاسپورٹ کے حصول کے لیے فارم جمع کرانے والوں کو پاسپورٹ جج آپریشن مکمل ہونے کے بعد دیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق حج آپریشن کی وجہ سے پاسپورٹ کا عمل متاثر ہوا ہے، صرف حج پر جانے والے افراد کو اس وقت ترجیح دی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق جدید مشینیں دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے محدود پیمانے پر پاسپورٹ کی چھپائی ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس کے آخر میں بھی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے پاس لیمینیشن پیپر کی قلت کے نتیجے میں پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کی شکایات سامنے آئی تھیں اور طویل وقفے کے سبب متعدد شہریوں کے ویزوں کی مدت ختم ہو گئی تھی۔