'اسحاق ڈار کو نائب وزیرِاعظم بنانا شہباز شریف کا نہیں بلکہ نواز شریف کا فیصلہ'

12:55 PM, 29 Apr, 2024

لاہور: سیاسی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اسحاق ڈار کو نائب وزیرِاعظم بنانا وزیرِاعظم شہباز شریف کا نہیں بلکہ ان کے بڑے بھائی نواز شریف کا فیصلہ ہو سکتا ہے۔

بی بی سی اردو  کے مطابق  اس وقت یہ بھی سوالات اُٹھائے جا رہے ہیں کہ پاکستانی وزیرِاعظم کو وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو نائب وزیرِ اعظم مقرر کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟

اس حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سینیٹر عرفان صدیقی نے بی بی سی کو بتایا کہ ’وزیرِاعظم کو حق ہے کہ وہ اپنے کام کا بوجھ شیئر کریں اور اور ایسے شخص کا انتخاب کر سکیں جو ان کا ہاتھ بٹا سکے۔‘ جبکہ سیاسی تجزیہ کار عارفہ نور کہتی ہیں کہ ’میرے خیال میں یہ وزیراعظم شہباز شریف کا کم اور نواز شریف کا فیصلہ زیادہ ہوگا۔‘

دوسری طرف پاکستانی سیاست کو سمجھنے والے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیرِ اعظم تقرری کا تعلق پاکستان مسلم لیگ ن کی اندرونی سیاست سے ہے۔

خیال رہے اتوار کو  کابینہ ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو فوری طور پر تاحکمِ ثانی ملک کا نائب وزیرِاعظم مقرر کیا ہے۔

مزیدخبریں