گلگت: چلاس اور گردونواح میں رات گئے سے موسلا دھار بارشوں اور بالائی مقامات پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ اپر کوہستان کے علاقے کدنیا کےقریب لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم ٹریفک کے لیے بند ہو گئی۔
کوہستان میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بند ہونے کی وجہ سے سیکڑوں مسافر اور گاڑیاں پھنس گئیں۔
بابوسر ٹاپ، نانگا پربت اور دیگر پہاڑوں پر بھی وقفے وقفے سے برفباری ہو رہی ہے۔جاگراں ویلی، لوات بالا، شاردہ، تاؤبٹ اور ہلمت میں 6 سے 8 انچ تک برفباری ہوئی۔
دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی سائٹ ایریا سمیت دیگر مقامات پر بھی لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔حکام نے شہریوں کو سفر میں احتیاط کی ہدایت کردی ہے ۔
طوفانی بارشوں سے مواصلات کا نظام متاثر ہو گیا ہے اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ نیلم سمیت رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں جبکہ ٹرانسمیشن لائنیں گرنے سے متعدد علاقوں میں بجلی اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، دریائے جہلم اور نیلم کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔
پانی فلڈ لیول سے اوپر ہونے لگا ہے، جس وجہ سے حکام نے عوام کو دریاؤں اور ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔