لاہور : سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے 15 ججوں سے کہتا ہوں خدا کے لیے ایک ہو جائیں ۔ آپس میں اتحاد پیدا کریں اور آئین کے ساتھ کھڑے ہوں اور اس ملک کو بچائیں۔
زمان پارک میں کارکنوں سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ صرف سپریم کورٹ ہماری مدد کر سکتا ہے۔ انھوں نے سپریم کورٹ کے ججوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اپنی ذاتی لڑائی چھوڑ دیں۔
انھوں نے پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان میں جنگل کا قانون ہے۔ اگر سابق وزیراعظم کو انصاف نہیں مل سکتا تو کسے ملے گا۔
انھوں نے یکم مئی کو اسلام آباد، پشاور اور لاہور میں مزدودوں اور آئین کے لیے ریلی نکالنے کا اعلان کیا۔ لاہور کی ریلی کی قیادت میں خود کروں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ 14مئی سے پہلے اسمبلی تحلیل کردی تو ہم پورے پاکستان میں الیکشن کیلئے تیار ہیں بجٹ کے بعد اسمبلی تحلیل کرنے کی بات میں مجھے بدنیتی نظر آتی ہے۔ اسمبلی تحلیل نہ ہوئی تو ہم پنجاب میں انتخابات کروادیں گے۔