لاہور :مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ نظام ڈیلیور نہیں کر پا رہا اور 10 بندے بھی ایسے نہیں جو وزیر بن سکتے ہیں اور مسائل سمجھ سکتے ہوں۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نظام تباہ ہو چکا ہے اس نظام کے تحت تبدیلی نہیں آسکتی ۔ کرپشن رچ بس گئی ہے۔ مفت آٹا سکیم پر 84 ارب خرچ کیے گئے جس میں 20 ارب کی کرپشن ہوئی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی ادارے ایک دوسرے کے سامنے آ چکے ہیں ۔لیڈر شپ کی ناکامی کے باعث ملکی مسائل بڑھے ہیں ۔ موجودہ نظام ڈلیور نہیں کر پا رہا ہے ۔ آرٹیفیشل لیڈر شپ ملک کے لیے نقصان دہ ہوتی ہے۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نے کہا کہ سیاسی دشمنی نفرت میں بدل چکی ہے ۔جن لوگوں میں اہلیت نہ تھی وہ بھی لیڈر بن گئے ۔ ملک ختم نہیں ہوتے لیکن حیثیت ختم ہوجاتی ہے ۔ آج معیشت کی حالت کیا اور ہماری ترجیحات کیا ہیں ۔