ظاہری اور چھپے دشمن کو پہچاننا ہوگا,  جو عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی سازشوں میں سرگرم ہے: آرمی چیف

01:54 PM, 29 Apr, 2023

کاکول: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ  ہمیں اپنے ظاہری اور چھپے ہوئے دشمن کو پہچاننا ہوگا اور اس ضمن میں حقیقت اور ابہام میں واضح فرق روا رکھنا ہوگا۔ دشمن عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی سازشوں میں سرگرم ہے۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 147 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خظاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے عوام کی حفاظت اور سلامتی سے زیادہ مقدس کچھ نہیں، اور کوئی فرض مادرِ وطن کی حفاظت سے زیادہ اہم نہیں۔عوام اور پاک فوج کے باہمی رشتے کو قائم و دائم رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا فوج ہمارے عظیم قائد کے نظریے پر عمل پیرا ہے جس میں ذات، رنگ، نسل، جنس یا علاقائی تفریق نہیں ہے، ہمارے لیے عوام کی حفاظت اور سلامتی سے زیادہ مقدس کچھ نہیں ہے، کوئی فرض مادر وطن کی حفاظت سے زیادہ اہم نہیں ہے

جنرل عاصم منیر  کا کہنا تھا پاکستان کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کے لیے ان کی تاریخی جدوجہد اور حَقِ خود ارادیت کے لیے اُن کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا، عالمی برادری کو جان لینا چاہیےکہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے بغیر، علاقائی امن ہمیشہ مبہم رہےگا۔

آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان میں استحکام ہماری سلامتی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

مزیدخبریں