لاہور: لاہور میں پولیس اور اینٹی کرپشن کی ٹیم کی جانب سے سابق وزیر اعلی پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف رہنما چوہدری پرویز الہی کو گرفتار کرنے کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے۔پولیس نے ایک خاتون سمیت 7 افراد کو گرفتار کرلیاہے۔
اینٹی کرپشن ٹیم کے مطابق چوہدری پرویز الہی کے خلاف جمعے کے دن ہی گجرانوالہ میں درج ہونے والے ایک مقدمے میں ان کو گرفتار کرنے پہنچی۔
چوہدری پرویز الہی کی لیگل ٹیم کا موقف تھا کہ سابق وزیر اعلی کو جج طارق سلیم شیخ ضمانت دے چکے ہیں جس پر پولیس کی جانب سے ضمانت کا حکمنامہ دکھانے کا مطالبہ کیا گیا۔
ق لیگ رہنما اور چوہدری پرویز الہی کے بیٹے مونس الہی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’پولیس ہمارے گھر پر ایک ایسے کیس میں میرے والد کو گرفتار کرنے آئی ہے جس میں ان کو آج ہی ضمانت ملی ہے۔‘
تاہم اس موقعے پر چوہدری پرویز الہی کے گھر کا دروازہ بند رکھا گیا جس کے بعد پولیس نے دیوار پھلانگنے کی کوشش کی اور گھر کے اندر سے پولیس پر پتھراو کیا گیا۔
پولیس کی اینٹی رائٹ فورس اور لیڈیز پولیس کی بھاری نفرہ موقع پر پہنچنے کے بعد پولیس ایک بکتر بند گاڑی کی مدد سے گھر کا مرکزی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو گئی