لاہور : لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ کا حلف لینے سے روکنے کیلئے 3 آپشنز پر غور کر رہی ہے۔
نیو نیوز کے مطابق عدالتی فیصلے کے بعد تحریک انصاف آئینی اپشنز پر غور کر رہی ہے۔ تحریک انصاف کے آئینی ماہرین نے 3 آپشنز سامنے رکھ دیئے ۔آئینی ٹیم نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو بھی آئینی نکات پر بریفنگ دی۔
آئینی ٹیم نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد گورنر کو ان کے آئینی اختیارا ت سے آگاہ کیا گیا ۔گورنر پنجاب ، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے استعفی ٰپر آئینی اعتراضات کر چکے ہیں۔
گورنر وزیر اعلی کا استعفیٰ غیر قانونی قرار دے کر انکی پوزیشن کو بحال کر سکتے ہیں۔ آئینی ماہرین کے مطابق گورنر پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلی کے انتخاب کو غیر قانونی قرار دیکر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔ گورنر دوبارہ انتخاب کا حکم دے سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب کو اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے بھی مختلف آئینی حوالوں اور اختیار سے آگاہ کیا گیا۔انٹرا کورٹ اپیل کے حوالے سے بھی آئینی ماہرین نے بریف کیا۔