لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف نے گزشتہ روز مسجد نبوی ﷺ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ، آج روضہ رسول پرجو کچھ ہوا وہ دیکھ کے اے اللہ میں پوری امت کی طرف سے تجھ سے معافی مانگتا ہوں ۔
اپنے بیان میں سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ مسلمان ہونے کے بعد پہلی بار گیا تو خانہ کعبہ کو دیکھ کر چیخ نکل گئی تھی ، روضہ رسول ﷺپر گیا تو آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے تھے ، یہ وہ جگہیں ہیں جہاں پہنچ کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں ۔
دوسری جانب ، سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا یہ وہ جگہ ہے جہاں آواز بلند کرنے کی بھی ممانعت ہے مگر ہم اپنی سیاسی دشمنیاں نبھانے کے لیے حرم کی حرمت تک بھول گئے ہیں ۔
اس سے قبل پاکستان کے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے مسجد نبویﷺ میں حکومتی وفد کے خلاف ہونے والی نعرہ بازی کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی ۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں مولانا طارق جمیل نے کہا کہ مسجد نبوی میں احتجاج کی صورت میں جو حرم شریف کی پامالی کی گئی یہ بالکل اسلام میں درست نہیں ہے ، اسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔
نیو نیوز کے مطابق مدینہ منورہ میں شہباز شریف وفد کے ہمراہ پہنچے تو لوگوں نے ان کا استقبال چور چور کے نعروں سے کیا ۔ شہباز شریف کی گاڑی کو گارڈز نے گھیرے میں لیے رکھا تھا ۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے حکومتی وفد کا پیچھے کیا اور نعرے لگائے ۔