اسلامی ممالک کی خطاطی کے فن پاروں کی اہم نمائش

08:26 AM, 29 Apr, 2022

نیوویب ڈیسک

الحمراء آرٹس کونسل لاہور میں ماہ رمضان کے تزک و احتشام میں خطاطی کی نمائش’ سپرنگ آف ہارٹس‘ کا انعقاد ہوا۔افتتاحی تقریب سے سیکرٹری اطلاعات وثقافت پنجاب راجہ جہانگیر انور نے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطاطی کے فن کو ہماری تہذیب وثقافت میں خاص مقام و مرتبہ حاصل ہے۔ حکومت پنجاب فنون لطیفہ کی تمام اصناف کی ترویج و ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔
انھوں نے قرآنی خطاطی کی نمائش کو سراہتے ہوئے کہاکہ فن پاروں میں آرٹسٹو ں نے قرانی آیات کو نہایت خوبصورت انداز میں لکھا ہے۔اسلامی خطاطی کا فن ہماری تہذیب و ثقافت میں نمایاں اور منفرد مقام کا حامل ہے۔ آج کا نوجوان خوب صورت فکر اور نئی سوچ کے ساتھ مصوری کے شعبہ میں قدم رکھ رہا ہے۔اس نمائش میں پاکستان اوردنیا بھر سے آئے ہوئے فن پاروں میں قرآن پاک کو جس انداز میں لکھا گیاہے وہ ہمارے لئے فخر کا باعث ہے۔ ان نوجوانوں کاکام زندگی کی حقیقتوں کے اظہار کا ذریعہ ہے ۔ راجہ صاحب نے مزید کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ قرآنی تعلیمات پر عمل کرنے سے انسان دنیا و آخرت میں ذہنی و قلبی سکون پاتا ہے۔اس کے بغیر انسانی حیات اپنی معراج کو نہیں پہنچ سکتی۔ الحمرا کا خطاطی کے فن کو فروغ دینا قابل ستائش ہے۔اس موقع پر ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء کا کہنا تھا کہ پاکستان ان ممالک میں شا مل ہے جہاں کے آرٹسٹوں نے خطاطی میں بڑا کام کیا ہے۔
 شعبہ ادب و ثقافت ، انسان اور معاشرے میں مثالی تعلقات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔الحمراء کے ادبی و ثقافتی ادارہ ہونے کے ناتے اس مقدس مہینے میں خطاطی کی نمائش کا مقصد لوگوں کو قرآن کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ترغیب دلانا ہے جو دنیا وآخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔الحمراء ہر سال رمضان کے مبارک مہینے میں خطاطی کی نمائش کااہتمام کرتا ہے جس کا مقصد خطاطی کے نوجوان مصوروں کی 
حوصلہ افزائی کے علاوہ دیکھنے والوں کے لئے ایسے مواقع پیدا کرنا ہے جس سے مستفید ہو کر وہ اچھے شہری بن سکیں۔نمائش کی افتتاحی تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمراء ذوالفقار علی زلفی ،ڈی جی پی آرمحترمہ ثمن رائے، کیلیگرافی ایسوسی ایشن آف پاکستان کے روح رواں جناب عرفان قریشی اور راقم الحروف نے بھی شرکت کی۔نمائش میں پاکستان سمیت دْنیا کے مختلف ممالک سے آرٹسٹوں کے 33فن پارے رکھے گئے جن میں ترکی ،مصر ،تیونس،ایران،شام ،یمن اور پاکستان کے آرٹسٹوں کا کام آویزاں کیا گیا۔ نمائش دیکھنے کیلئے بڑی تعدادمیں لو گ آئے ۔راقم الحروف نے ان افراد سے بات چیت بھی کی۔ انہوں نے اسلامی خطاطی کے فن پاروں پر پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی ثقافت کے فروغ میں محکمہ اطلاعات و ثقافت اور الحمرا کی کاوش کو سراہا۔
اسلامی خطاطی دراصل دستی تحریر اور خطاطی کو فنکارانہ انداز سے پیش کرنے کا نام ہے۔ یہ عموماً مشترکہ اسلامی ثقافتی ورثہ رکھنے والے ممالک میں دکھائی دیتی ہے۔ اسلامی خطاطی کا قرآن سے بڑا گہرا تعلق ہے اور قرآنی آیات اور سورتوں کو اس طرزِ خطاطی میں خوب استعمال کیا جاتا ہے۔ اسلامی خطاطی کی بنیاد اس عقیدے پر نہیں کہ اسلام میں تصویر کشی کی ممانعت ہے بلکہ اس لیے کہ اسلام میں لکھائی اور لکھنے سے متعلق امور کو بہت اہمیت دی جاتی ہے۔صدیوں سے مسلمانوں کی توجہ کا اہم مرکز کلام اللہ ہے۔ یہ قرآن کا اعجاز ہے کہ مسلمان اسلامی خطاطی جیسے پاکیزہ فن سے روشناس ہوئے۔دور حاضر میں خطاطی کے فروغ کے لئے بہت کام ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں نجی سطح پر بھی بہت سی تنظیمیں کام کر رہی ہیں۔ پنجاب کی ثقافت کے فروغ کیلئے سیکرٹری اطلاعات وثقافت پنجاب راجہ جہانگیر انور کی کاوشیں کسی سے پوشیدہ نہیں۔ انہوں نے انتہائی محنت اور جانفشانی سے پنجاب کی ثقافت کی ترویج کیلئے پنجاب کی پہلی ثقافتی پالیسی بنائی۔ جس کے تحت نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان میں ثقافتی پروگراموں کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ یوں پنجاب سمیت پانچوں صوبوں کی ثقافت سے پاکستانی عوام روشناس ہو سکیں گے۔ محنتی اور دیانتدار افسر کسی بھی محکمے کی پہچان ہوتے ہیں۔ راجہ صاحب انتہائی لگن اور مستعدی سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور ہمیشہ قواعد و ضوابط کے مطابق کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ وہ تہذیب و ثقافت کے فروغ کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہی کی بدولت محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب متواتر کامیابی کی منازل طے کررہا ہے۔ پنجاب کی حکومت نے اپنے آرٹسٹوں کی فلاح و بہبود کا ہمیشہ خیال رکھا ہے۔حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ اطلاعات وثقافت کے آرٹسٹوں کی مالی معاونت کی اقدام جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انور نے پنجاب کے آرٹسٹوں میں چیکس تقسیم کئے ۔تقریب سے خطا ب میں راجہ جہانگیر انور کا کہنا تھا کہ محکمہ ثقافت پہلی بار فنکاروں کا ڈیٹا بیس تیار کر رہا ہے جس سے ایک ڈیجیٹل ڈائجسٹ تیار کرے گا۔ اس ڈیٹا بیس میں صوبے بھر سے ہر طرح کے ٹیلنٹ کو رجسٹر کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ہرقسم کے پرفارمنگ آرٹس کو فروغ دینا ہے۔ راجہ صاحب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت فنکاروں کی مشکلات سے آگاہ ہے اور ان کی مدد بھی کر رہی ہے۔
 ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء نے کہا کہ حکومت پنجاب کی آرٹ اور آرٹسٹ کی فلاح و بہبود کے لئے خدمات مثالی ہیں۔ محکمہ اطلاعات وثقافت ،محترم راجہ جہانگیر انورکے اعلی وژن کی بدولت درست سمت ترقی کر رہا ہے۔ راجہ جہانگیر انور اپنے محکمے میں انتہائی مستعداور فعال افسر ہیں ، جو ثقافت کے فروغ اور خصوصاً فنکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے دل و جان سے کوشاں ہیں۔ ثقافتی میدان میں ان کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں۔ پنجاب کے ساتھ ساتھ قومی ثقافت کے فروغ کیلئے ان کی خدمات قابل ستائش ہیں۔

مزیدخبریں