اسلام آباد: جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکو ماس پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جنہو ں نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا خیرمقدم کیا۔
تفصیلات کے مطابق جرمن وزیرخارجہ ہائیکو ماس نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا جہاں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ برلن ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر ہمارے درمیان تفصیلی تبادلہ خیال ہوا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا، ملاقات میں افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاءکے اعلان کے بعد پیدا صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے رواں مہینے جرمنی کا دورہ کیا تھا جہاں جرمن ہم منصب ہائیکو ماس سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور جرمنی میں 70 سال سے دوستانہ اور مستحکم تعلقات ہیں، پاکستان ان چند ممالک میں سے ایک ہے جس نے سب سے پہلے مغربی جرمنی کو تسلیم کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ جرمنی یورپی یونین کے علاوہ پوری دنیا کی معیشت پر گہرا اثر رکھتا ہے، پاکستان جرمن ٹیکنالوجی کے تبادلے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس کے حصول میں جرمنی کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ نئے اقتصادی تعلقات چاہتا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم جرمنی کا دورہ اور جرمن قیادت سے ملاقات کے خواہشمند ہیں، جرمنی کی طرح پاکستان بھی افغانستان میں امن اور خوشحالی کیساتھ ساتھ بھارت سے تعلقات معمول پر لانے کا خواہشمند ہے تاہم حالات معمول پر لانے کیلئے پہلا قدم اٹھانے کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوتی ہے۔
جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکوماس سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے
11:07 PM, 29 Apr, 2021