حکومت نے 7,500 اور 15 ہزار روپے مالیت کے انعامی بونڈز ختم کر دئیے

10:23 PM, 29 Apr, 2021

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ایف اے ٹی ایف کی شرائط پوری کرنے کیلئے 7,500 اور 15 ہزار روپے مالیت کے انعامی بونڈز ختم کرتے ہوئے عوام کو بانڈز کی واپسی کیلئے 31 دسمبر تک مہلت دیدی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے دو نوٹیفکیشنز میں بتایا گیا ہے کہ 15,000 اور 7,500 روپے مالیت کے پرائز بانڈز کی فروخت پر فوری طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور اس کیساتھ ہی ان کی یکم مئی کو ہونے والی قرعہ اندازی بھی منسوخ کردی گئی۔ 
نوٹی فکیشن کے مطابق صارفین مذکورہ بونڈز 31 دسمبر تک بینکوں سے کیش کراسکیں گے جبکہ آخری تاریخ گزرنے کے بعد بونڈز کے عوض کیش نہیں ملے گا بلکہ بونڈز واپس کرکے 25,000 روپے والے اور 40,000 روپے والے رجسٹرڈ انعامی بونڈز حاصل کئے جاسکیں گے، ان بانڈز کی واپسی سے سپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ، ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ بھی حاصل کئے جا سکیں گے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ بونڈز کی واپسی پر رقم صارفین کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل ہوگی اورصارفین سٹیٹ بینک آف پاکستان کی ملک بھر میں قائم 16 فیلڈ دفاتر، مجاز کمرشل بینکوں اور قومی بچت کے مراکز کے ذریعے ہی بونڈز واپس کرنے کے اہل ہوں گے۔ 

مزیدخبریں