لاہور: ذرائع نے دعوی کیا ہے وزیراعظم عمران خان نے دورہ کوئٹہ سے واپسی پر جسٹس (ر) گورنر امان اللہ خان یاسین زئی کو پرچی تھما کر استعفیٰ دینے کا کہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے گورنر بلوچستان کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا اور وزیراعظم نے نئے گورنر کی تعیناتی کے لیے مختلف ناموں پر مشاورت شروع کر دی۔ تحریک انصاف کے ظہور أغا، ڈاکٹر فیض کاکڑ کے ناموں پر مشاورت کی گئی۔
نئے گورنر بلوچستان کے لیے سعید مندو خیل، نصیب اللہ بازئی کے نام بھی زیرغور جبکہ ظہور آغا نئے گورنر بلوچستان کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔
خیال رہے کہ جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی 7 اگست 1954 کو پیدا ہوئے، 27 جنوری 1997 میں بلوچستان ہائیکورٹ میں بطور جج تعینات ہوئے۔ 14 ستمبر 2005 کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ بنے اور 5 اگست 2009 تک بطور چیف جسٹس ذمہ داریاں انجام دیں۔
اکتوبر 2018 کو وفاقی حکومت نے محمد خان اچکزئی کے استعفے کے بعد امان اللہ یاسین زئی کو نیا گورنر نامزد کیا تھا۔