کیلی فورنیا، امریکی پولیس کے ہاتھوں ایک اور عام شہری مارا گیا ۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ماریو گونزیلز کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پولیس افسران کے ہاتھوں دم گھٹنے سے 26 سالہ ماریوگونزیلزنامی امریکی شہری ہلاک ہوگیا۔ پولیس کی جانب سے نوجوان کو گرفتاری کے وقت 5 منٹ تک زمین پرزبردستی دبائے رکھا گیا جس کے باعث دم گھٹنے سے اس کی موت واقع ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق 26 سالہ شہری کی موت سے متعلق تمام تفصیلات دوکیمروں کی ویڈیو فوٹیج کی مدد سے ملیں۔ نوجوان کی موت کا واقعہ 19 اپریل کوایک پارک میں پیش آیا تھا۔
تحقیقات کے مطابق پولیس کو ایک کال موصول ہوئی تھی کہ پارک میں ایک مشتبہ شخص نشے کی حالت میں موجود ہے۔ پولیس فوری طورپرپارک پہنچی اور نوجوان سے انکوائری کی ۔نوجوان کے اپنی شناخت بتانے سے انکار پر پولیس اہلکاروں نے اس کے ہاتھ کمرکے پیچھے باندھنے کی کوشش کی لیکن جب اس نے مزاحمت کی تو پولیس نے اس کو زمین پر گرادیا ۔ایک اہلکار نے اپنی کہنی سے اس کی گردن کودبانا شروع کردیا۔
ویڈیومیں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوان خود کوچھڑوانے کی کوشش کررہا تھا، اس کے بعد ایک افسرنے اپنے گھٹنے سے اس کی گردن پرجب کہ دوسرے نے کہنی کندھے پررکھی۔ گونزیلزسانس لینے کی کوشش کررہا ہے اورساتھ ساتھ کہہ رہا ہے کہ اس نے کچھ بھی نہیں کیا ہے۔ جس کے بعد اس کی حالت غیرہوگئی۔ پولیس کی جانب سے گونزیلزکوہلا جلا کرمصنوعی طریقے سے سانس دینے کی کوشش بھی کی گئی۔لیکن اس کی روح پرواز کرچکی تھی ۔