ممبئی: بھارتی اداکار رندھیر کپور کی طبعیت کورونا میں مبتلا ہونے کے باعث خراب ہو گئی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بیبو کرینہ کپور کے والد رندھیر کپور نے اپنا کورنا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا اور ان کی طبیعت بھی مسلسل خراب ہورہی تھی جس کے باعث انہیں ممبئی کے اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔
ممبئی کے کوکیلابین امبانی اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر سنتوش سیٹھی نے اداکار رندھیر کپور کے اسپتال میں داخل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اداکار کی طبیعت میں مسلسل بہتری آ رہی ہے تاہم ان کے متعدد ٹیسٹ لیے گئے ہیں جن کی رپورٹس آنے پر ان کی صحت سے متعلق کچھ کہا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل اداکار رندھیر کپور کے بھتیجے رنیبر کپور بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے تاہم انہوں نے خود کو فوری قرنطینہ کر لیا تھا جس کے باعث ان کی طبیعت میں جلد بہتری آئی اور آج کل وہ اپنی گرل فرینڈ عالیہ بھٹ کے ساتھ مالدیپ میں چھٹیاں منا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت میں مسلسل ساتویں روز کورونا کے 3 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 3 لاکھ 79 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 3600 سے زائداموات بھی ہوئی ہیں۔
بھارت میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد ایک کروڑ 83 لاکھ 76 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور اموات 2 لاکھ 4 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہیں۔ 15 اپریل سے کورونا کے 2 لاکھ کیسز روزانہ رپورٹ ہونا شروع ہوئے اور گزشتہ ایک ہفتے سے روزانہ کی بنیاد پر 3 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آرہے ہیں۔
بھارت میں اب تک کورونا سے ایک کروڑ 50 لاکھ 86 ہزار سے زائد افراد صحتیاب بھی ہوگئے ہیں جب کہ اس وقت بھارت میں فعال کیسز کی تعداد 30 لاکھ 84 ہزار سے زیادہ ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ بھارت میں اب تک کورونا کے کل 28 کروڑ 44 لاکھ 71 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ ہوئے ہیں جب کہ 28 اپریل کو بھارت میں 17 لاکھ 68 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے۔