عیدالفطر پر شہریوں کو 6 چھٹیاں دینے کا اعلان

05:07 PM, 29 Apr, 2021

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عیدالفطر پر عوام کو 6 روز کی چھٹیاں دینے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستانی شہری بروز پیر 10 مئی سے 15 مئی بروز ہفتہ تعطیلات گزار سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق یہ اہم فیصلہ وفاقی وزیر برائے بہبود آبادی اور نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

این سی او سی نے گائیڈ لائنز بھی جاری کر دی ہیں جس کے مطابق 8 تا 16 مئی 'گھر رہو محفوظ رہو' کی حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ زیادہ چھٹیوں کا مقصد عیدکے دوران ملکی سطح پر نقل و حمل کو محدودکرنا ہے۔

این سی او سی کے مطابق یوم علی،شب قدر،اعتکاف اور جمعتہ الوداع  کے لیے گائیڈ لائنزپر عمل درآمد یکم مئی سے ہوگا۔ چاند رات کو مہندی، جیولری  اورکپڑوں کے اسٹالز  پرپابندی ہو گی، تفریحی مقامات،ان کے اردگرد موجود ہوٹل،  پبلک پارکس اور شاپنگ مالز  بھی  8 سے 16 مئی تک بند رہیں گے۔

عید کی چھٹیوں کے دوران بین الصوبائی، انٹر اور انٹرا سٹی پبلک ٹراپنسپورٹ پر پابندی ہو گی جب کہ  نجی گاڑیوں، رکشوں اور ٹیکسیوں کو 50 فیصد سواریوں کے ساتھ اجازت ہو گی۔

خیال رہے اس سے قبل وفاقی حکومت نے عیدالفطر پر تمام سرکاری اور پرائیوٹ ملازمین کو پانچ تعطیلات دینے کا فیصلہ کیا تھا اور اس بات کا اعلان وفاقی وزیر فواد چودھری کی جانب سے کیا گیا۔

این سی او سی نے وزارت داخلہ سے سفارش کی تھی کہ 10 سے 16 مئی تک عیدالفطر کی چھٹیاں دی جائیں۔ ادھر حکومت نے 8 مئی سے 16 مئی تک تمام سیاحتی مقامات بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ عید تعطیلات کے دوران بین الاضلاعی اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔

این سی او سی کی ہدایت پر وزارت داخلہ کی جانب سے سرکلر جاری کر دیا گیا۔ جس کے مطابق عید کی چھٹیوں میں سیاحتی مقامات، پبلک پارکس، ہوٹلز بند رہیں گے۔ صرف گلگت بلتستان کے شہریوں کو اپنے علاقوں میں جانے کی اجازت ہو گی۔ شمالی علاقہ جات، مری، سوات، گلیات، سی ویو جانے والے راستے بند رہیں گے۔

اعتکاف، شب قدر، نماز عید سے متعلق ایس او پیز بھی جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عید تعطیلات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

مزیدخبریں