’حکومت نے اعتکاف بیٹھنے پر کوئی پابندی نہیں لگائی‘

’حکومت نے اعتکاف بیٹھنے پر کوئی پابندی نہیں لگائی‘
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے اعتکاف پر پابندی سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری ہر صورت ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس میں ایس او پیز پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی، پاکستان میں سب سے زیادہ ایس او پیز پرعمل مساجد میں ہورہا ہے اور حکومت نے اعتکاف بیٹھنے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی۔ 
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران ایس او پیز پر عمل کریں اور وضو گھر سے کر کے جائیں، ماسک بھی ضرور پہنیں اور دیگر نمازیوں سے فاصلہ رکھیں، مساجد میں دعا کیساتھ ایس او پیز پر عملدرآمد کے پیغامات بھی دئیے جانے چاہئیں۔ 
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے اپیل کی کہ کورونا وائرس سے نجات کیلئے جمعہ کو یوم دعا منایا جائے جبکہ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ تمام علماءاس بات پر اتفاق کر چکے ہیں کہ روزے کی حالت میں کورونا ویکسین لگوانا جائز ہے۔