کراچی: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ شروع ہوگئی ہے ۔ پولنگ شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گی۔
نیو نیوز کے مطابق این اے249کے ضمنی انتخاب میں مجموعی طور پر3 لاکھ39ہزار5سو91ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرنے کے مجاز ہونگے،جن میں مر د ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 1 ہزار6سو 56 ہے جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد1 لاکھ37 ہزار9 سو35 ہے۔
ووٹرز کے حق رہی دہی استعمال کرنے کے لئے 276 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں خالص مردوں کےپولنگ اسٹیشنز کی تعداد 76 ہے اور خالص خواتین کے لئے پولنگ اسٹیشنز کی تعداد61 ہے جبکہ 139 پولنگ اسٹیشنز کی تعداد ایسی ہے جہاں پر مرد و خواتین دونوں کے لئے پولنگ بوتھس قائم کئے گئے ہیں۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے انتخاب میں مدمقابل امیدواروں میں پاکستان (ن)کے مفتاح اسمٰعیل ،پاک سرزمین پارٹی کےسید مصطفیٰ کمال،پاکستان تحریک انصاف کے امجد اقبال آفریدی،پاکستان پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل ،کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے نزید احمد کمالوی اورمتحدہ قومی مومنٹ پاکستان کےحافظ محمد مرسلین شامل ہیں۔
حلقہ این اے 249 کی نشست پاکستان تحریک انصاف کےرہنما فیصل واوڈا کی جانب سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفیٰ ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
سال 2018 کے عام انتخابات میں فیصل واوڈا 35 ہزار3سو 49 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے جبکہ انکے مقابلہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف 34 ہزار 6 سو26 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر آئے تھے۔عام انتخابات میں تحریک لبیک پاکستان نے23 ہزار 9 سو 81 ووٹ حاصل کئے تھے اور تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔
2018 کے عام انتخابات میں ایک لاکھ 31ہزار 1سو85 ووٹرز نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا جو مجموعی ووٹر ز کا39.58 فیصدہے ۔26سو84 ووٹ کالعدم قرار دیے گئے تھے۔