راولپنڈی:پاک فوج کے سپہ سالار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارت کے جارحانہ عزائم خطے کے امن واستحکام کے لیے خطرہ ہیں، جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر انڈیا کو موثر جواب ملنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق ،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے لائن آف کنٹرول پر فارورڈ بیسز کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے ایل او سی پر آرمی چیف کا استقبال کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی پر بریفنگ بھی دی گئی۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کا ظلم وجبر اور آزاد کشمیر میں شہری آبادی کو نشانہ بنانا بھی ناقابل قبول عمل ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارت کے جارحانہ عزائم خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارت کو موثر جواب ملنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج مادر وطن کی عزت اور علاقائی سالمیت کا دفاع ہر قیمت پر کرے گی۔ پاکستان آرمی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر شہری آبادی کو محفوظ بنائے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے اگلے مورچوں پر موجود افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ پاک فوج کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے قومی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔