اداکار عرفان خان ممبئی میں انتقال کرگئے۔

اداکار عرفان خان ممبئی میں انتقال کرگئے۔
کیپشن: عرفان خان کئی ماہ سے کینسر کے خلاف جنگ بھی لڑ رہے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار عرفان خان ممبئی میں انتقال کرگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق 53 سالہ عرفان خان آنت کے انفیکشن کے باعث ممبئی کے کوکیلابین دھیروبھائی امبانی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

عرفان خان کئی ماہ سے کینسر کے خلاف جنگ بھی لڑ رہے تھے اور چند ماہ قبل لندن میں زیر علاج رہنے کے بعد واپس ممبئی آئے تھے۔

گزشتہ روز اداکار عرفان خان کے ایک ترجمان کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی تھی ان کی طبیعت بگڑنے پر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا۔

عرفان خان کو مارچ 2018 میں نیورو اینڈوکرائن کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ کینسر کے علاج کے لیے لندن منتقل ہوگئے تھے۔بعد ازاں وہ فروری 2019 میں اپنی فلم 'انگریزی میڈیم' کی شوٹنگ کے لیے واپس بھارت آئےتھے اور شوٹنگ ختم ہونےکے بعد واپس لندن چلے گئے تھے۔

عرفان خان لندن میں کینسر کے علاج اور سرجری ہونے کے بعد ستمبر 2019 میں بھارت آئے تھے۔

واضح رہے کچھ دن قبل  اداکار عرفان خان کی والدہ سعیدہ بیگم 95 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں تھیں۔

اداکار عرفان خان نے ہندی میڈیم، انگریزی میڈیم، لنچ باکس اور  پیکو سمیت متعدد فلموں میں کام کیا اور شاندار اداکاری سے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنالیا۔

عرفان خان کی ہالی وڈ فلموں میں لائف آف پائی، جراسک ورلڈ، سلم ڈاگ ملینیئر اور دی ایمزنگ اسپائیڈرمین شامل ہیں۔


عرفان خان کے انتقال پر بھارتی شوبز شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے اور بھارتی اداکار امیتابھ بچن کاکہنا ہےکہ عرفان خان کےانتقال کی خبر افسردہ اور پریشان کن ہے، ان کے جانے سے انڈسٹری میں ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے۔