بھارتی حکومت کورونا کو کشمیریوں کی نسل کشی کا ہتھیار بنا چکی ،شہباز شریف

 بھارتی حکومت کورونا کو کشمیریوں کی نسل کشی کا ہتھیار بنا چکی ،شہباز شریف


لاہور:مسلم لیگ (ن) کے    صدرشہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کورونا کو کشمیریوں کی نسل کشی کا ہتھیار بنا چکی ہے ،مقبوضہ وادی میں لاک ڈاؤن، کمیونیکیشن بلیک آوٹ اور دیگر غیرانسانی اور عالمی قانون  کی خلاف ورزیاں جاری  ہیں۔

اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں کہ خطے میں سب سے تیزی سے کورونا وبا مقبوضہ جموں وکشمیر میں پھیل رہا ہے،شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا   کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جرات اور عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں وہ گزشتہ 7 دہائیوں سے زائد عرصہ سے بھارتی ظلم واستبداد کا اپنے آہنی عزم کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر پر غیرقانونی بھارتی قبضہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی قانون کے لیے کھلا چیلنج ہے۔ عالمی اداروں کی ساکھ اس وقت تک بحال نہیں ہو گی جب تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا جمہوری اور قانونی حق مل نہیں جاتا۔

شہباز شریف نے کہا کہ نہتے کشمیری عوام حق استصواب رائے کا وعدہ پورا ہونے کے انتظار میں جام شہادت نوش کر رہے ہیں۔ 5 اگست 2019 سے مودی کی بربریت اور ظلم کا ایک نیا بھیانک دور شروع ہو۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں لاک ڈاؤن، کمیونیکیشن بلیک آوٹ اور دیگر غیرانسانی اور عالمی قانون کے صریحا خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

کشمیری عوام کی جائیدادیں ہتھیائی اور ریاستی دہشت گردی سے زندگیاں چھینی جا رہی ہیں۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ایک طرف قابض بھارتی افواج ظلم کی انتہا کر رہی ہیں تو دوسری جانب کورونا وبا کے سنگین خطرات کا کشمیریوں کو سامنا ہے۔ یہ اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں کہ خطے میں سب سے تیزی سے کورونا وبا مقبوضہ جموں وکشمیر میں پھیل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں اب تک 500 سے زائد کورونا متاثرین کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 66 ہزار سے زائد ایسے افراد کی فہرست بنائی گئی ہے جن کے بارے میں کورونا سے متاثر ہونے کا شک ہے۔