ممبئی: نامور بالی ووڈ اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں دار فانی سے کوچ کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق عرفان خان کی موت کی خبر کی تصدیق بالی ووڈ کے ہدایت کار و پروڈیوسر شوجیت سرکار نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دی۔
انہوں نے عرفان خان کو یاد کرتے ہوئے لکھا میرے دوست عرفان تم لڑے، لڑے اور لڑتے رہے، مجھے ہمیشہ تم پر فخر رہے گا، ہم دوبارہ ملیں گے۔
My dear friend Irfaan. You fought and fought and fought. I will always be proud of you.. we shall meet again.. condolences to Sutapa and Babil.. you too fought, Sutapa you gave everything possible in this fight. Peace and Om shanti. Irfaan Khan salute.
— Shoojit Sircar (@ShoojitSircar) April 29, 2020
شوجیت سرکار نے اپنی ٹوئٹ میں عرفان خان کی اہلیہ ستاپا سے اظہار تعزیت بھی کیا اور لکھا آپ نے بھی جنگ لڑی، ستاپا آپ نے اس جنگ میں جتنا ہوسکا کیا۔ عرفان خان کو میرا سلام۔
عرفان خان کو گزشتہ روز بڑی آنت میں انفیکشن کے باعث ممبئی کے کوکیلا بین ہسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا جس کے بعد بھارتی میڈیا میں ان کی موت کی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں۔
تاہم اداکار کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں ان کی موت کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ یہ جان کر واقعی مایوسی ہوئی کہ عرفان خان کی صحت کے بارے میں انتہائی حد تک قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ جب کہ وہ لوگ واقعی قابل ستائش ہیں جو ان کے بارے میں فکر مند ہیں۔
واضح رہے کہ عرفان خان نے 2018 میں اپنے تمام چاہنے والوں کو یہ بتاکر افسردہ کردیا تھا کہ وہ نیورواینڈوکرائن ٹیومر میں مبتلا ہوگئے ہیں بعد ازاں وہ علاج کی غرض سے بیرون ملک چلے گئے تھے۔