کابل: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو گا تو امریکی افواج کے انخلا کی راہ ہموار ہو گی۔ امن معاہدے سے پہلے امریکی افواج کا انخلا نہیں ہوگا۔
امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ طالبان انخلا کی ٹام لائن مانگتے ہیں جو ہم مشروط طور پر دیں گے۔ امریکی شرائط پر عمل کیا گیا تو امریکی افواج کا مرحلہ وار انخلا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا ذمہ داری کے ساتھ افغانستان چھوڑنا چاہتا ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ انخلا کے بعد وہی ہو جو سویت انخلا کے بعد ہوا تھا۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے ٹویٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد پیر کے روز پاکستان پہنچیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی سسٹنٹ سیکریٹری آف سٹیٹ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا بھی زلمے خلیل زاد کے ہمراہ ہوں گے۔ دونوں رہنما افغان امن عمل کے حوالے سے پاکستانی حکام کیساتھ ملاقاتیں اور دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔