نئی دہلی :بھارت میں کھانے میں گوشت نہ ہونے پر دلہا نے شادی سے انکار کردیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے ایک دلہا نے شادی کے کھانے میں صرف سبزیاں دیکھ کر شادی سے انکار کردیا۔ دلہا کی جانب سے شادی سے انکار کے بعد ایک دوسرے شخص نے نہ صرف سبزیوں کی ڈشز بلکہ دلہن کو بھی قبول کرنے کا اعلان کردیا۔
رپورٹ میں شادی سے انکار کرنے والے دلہا کا مذہب تو واضح نہیں کیا گیا تاہم خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ ایک مسلم گھرانے کی شادی تھی اور شادی میں گوشت کی ڈشز نہ بنانے کی وجہ ریاست میں گائے کے گوشت کی قیمت میں ہونے والا بھاری اضافہ ہے۔آٹ لک کی رپورٹ میں مزید کہا گیا 'کہا جاتا ہے کہ مرد کے دل کا راستہ اس کے معدے سے ہو کر گزرتا ہے تاہم کبھی کبھی اس کا الٹ بھی سچ ہوتا ہے۔
رپورٹ میں جمعرات (27 اپریل) کو مظفرنگر میں ہونے والی اس شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے تاثرات بھی شامل کیے گئے، جو اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ دلہا کی جانب سے شادی سے انکار کی وجہ کھانے میں صرف سبزیوں کی موجودگی تھی۔پنچایت کے حکام نے جریدے کو بتایا کہ شادی کی تقریب ختم ہونے کے قریب ہی تھی کہ مہمانوں میں سے ایک شخص نے آگے بڑھ کر دلہن سے شادی کی پیشکش کرڈالی جس کو فورا منظور کرلیا گیا۔