راولپنڈی: پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی جبکہ لیاقت باغ کے باہر بھی کنٹینرز لگا دیئے گئے۔ راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کرکے لیاقت باغ سیل،موبائل سروس جزوی بند کردی گئی ہے۔
لیاقت باغ کے گیٹ کو رکاوٹیں کھڑی کر کے اور خاردار تاریں لگا کر مکمل طور سیل کر دیا گیا جبکہ مری روڈ کے اطراف میں بھی کنٹینرز کھڑے کئے گئے ہیں، مری روڈ سے لیاقت باغ جانے والے راستے بھی کنٹینرز لگا کر بند کردیئے گئے۔ ملازمین اور کاروباری افراد کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ راولپنڈی میں آج موبائل سروس بھی جزوی طور پر بند رکھی جائے گی۔
راولپنڈی سے 50 کلومیٹر دور مری گھوڑا گلی کے مقام کو ٹرک لگا کر بند کر دیا گیا، مری موٹروے کو بھی عام ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا، سڑکوں کی بندش کے باعث مال گاڑیاں بھی پھنس گئیں جس سے کروڑوں روپے کا سامان خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے باعث راولپنڈی صدر سٹیشن تا آئی جے پی سٹیشن تک میٹروبس سروس مکمل طور پر بند رہے گی۔ مری ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو متبادل راستے بھی فراہم نہ کیے جا سکے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔