تیز رفتار ڈمپر، ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا

01:47 PM, 28 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

اٹک:  راولپنڈی روڈ پنڈی گھیب کےقریب ٹریکٹر ٹرالی اورموٹرسائیکل میں تصادم کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار باپ بیٹی موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ماں شدید زخمی ہوگئی۔  پل دریائے جہلم خوشاب کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا ،دو افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل میں خوفناک تصادم کے حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق باپ اوربیٹی کی لاشیں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیں ۔

ریسکیو کے مطابق زخمی خاتون کی حالت تشویشناک ہونے پر راولپنڈی ہسپتال ریفرکردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ہرنولی ضلع میانوالی کے رہائشی دونوں افراد 55سالہ محمد فقیر اور 42سالہ رستم موٹر سا ئیکل پر جا ر ہے کہ دریاجہلم پل کے قریب عقب سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر نے ٹکر مار دی جس سے وہ شدید زخمی ہوکر موقع پر دم توڑ گئے ۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کی لاشیں ٹی ایچ کیو ہسپتال خوشاب منتقل کردیں ہیں۔ 

تھانہ خوشاب پولیس  کے مطابق ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس نے فرار ہونے والے ڈمپر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کردی ۔

مزیدخبریں