مجھے ہارٹ اٹیک نہیں ہوا تھا، سابق کپتان انضمام الحق

08:41 PM, 28 Sep, 2021

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ لوگوں سے سنا کہ مجھے دل کا دورہ پڑا ہے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا اور مجھے ہارٹ اٹیک نہیں ہوا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر اپنے پیغام میں سابق کپتان نے بتایا کہ میں اپنے روزمرہ کے چیک اپ کے لئے ڈاکٹر کے پاس گیا تھا جہاں انجیوگرامی کے دوران پتہ چلا کہ مجھے اسٹنٹ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق اسٹنٹ ڈلوائے اور اب میں بہت بہتر محسوس کر رہا ہوں۔ ساتھ انہوں نے لوگوں کو پیغام دیا کہ جب آپ دل میں ہلکی سے بھی تکلیف محسوس کریں تو ڈاکٹر سے ضرور رجوع کر لیں۔

خیال رہے کہ آج یہ خبریں گردش کرتی رہی ہیں کہ سابق کپتان کو دل کی تکلیف کے باعث ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے اور ان کی انجیو پلاسٹی کر دی گئی ہے ۔ 

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں۔ ورلڈ کپ 1992 کے سیمی فائنل کے ہیرو انضمام الحق نے 120 ٹیسٹوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 8830 رنز بنائے ہیں۔

ان کا ٹیسٹ میں انفرادی اسکور 329 رنز ہے جب کہ وہ پاکستان کے لیے 25 ٹیسٹ سینچریاں اور 46 نصف سینچریاں بنا چکے ہیں۔

ایک روزہ میچز میں انضمام الحق نے پاکستان کی جانب سے 378 میچز کھیل کر 11739 رنز اسکور کیے ہیں۔ انہوں نے 10 سینچریاں اور 83 نصف سینچریاں بنائی ہیں۔

مزیدخبریں