شاہ محمو دقریشی کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات ،بھارتی جنگی جرائم کے ٹھوس شواہد ’’ڈوزیئر ‘‘پیش کر دیا 

05:59 PM, 28 Sep, 2021

لندن :وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی دورہ برطانیہ کے دوران برطانوی وزیر خارجہ لِز ٹرس کے ساتھ ملاقات ،وزیرخارجہ نے برطانوی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور خطے کے امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دوران ملاقات پاک ، برطانیہ دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور علاقائی سلامتی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا  ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برطانوی وزیر خارجہ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی وزیر خارجہ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے برطانوی ہم منصب کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عندیہ دیا تاکہ دو طرفہ اسٹریٹیجک تعلقات کو اگلے مرحلے تک لے جانے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لائ جا سکیں ۔

وزیر خارجہ نے برطانوی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور خطے کے امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا، شاہ محمود قریشی نے کہا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے حوالے سے برطانوی پارلیمنٹ میں مباحثے کا انعقاد، قابلِ تحسین ہے، ہمیں توقع ہے کہ برطانیہ، نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور ان کے جائز حق "حق خود ارادیت" کے حصول کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریگا۔

شاہ محمود قریشی  نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے تین ہزار سے زائد جنگی جرائم کے ٹھوس اور ناقابلِ تردید شواہد پر مبنی دستاویزی ثبوت "ڈوزیئر" برطانوی ہم منصب کو پیش کیا، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ ء خیال ہوا ۔وزیر خارجہ نے کہا موجودہ صورتحال میں پاکستان کی اولین ترجیح افغانستان کو  پنپتے ہوئے انسانی بحران سے بچانا ہے، وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے، افغان شہریوں کو بھجوائ گئی انسانی امداد اور "انسانی راہداری" کے قیام سے برطانوی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا پاکستان نے کابل سے دس ہزار سے زائد غیر ملکی شہریوں کو بحفاظت نکالنے میں معاونت فراہم کی، موجودہ حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ عالمی برادری ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے، افغانستان کو تنہا نہ چھوڑے، عالمی برادری، افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے ان کی انسانی و معاشی معاونت کو یقینی بنائے، وزیر خارجہ نے پاک- برطانیہ،  اسٹریٹیجک مذاکرات کے پانچویں جائزہ اجلاس کے حوالے سے برطانوی وزیر خارجہ الزبتھ ٹرس کو دورہ ء پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا ۔

واضح رہے کہ پچھلے ایک ماہ کے دوران یہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان وزرائے خارجہ کی سطح پر ہونیوالی دوسری ملاقات ہے۔

مزیدخبریں