افغان شہریوں کی انسانی بنیادوں پر امداد ضروری ہے،کینیڈین ہائی کمشنر کی شیخ رشید سے ملاقات میں اتفاق

05:01 PM, 28 Sep, 2021

اسلام آباد:وزیر داخلہ شیخ رشید سے کینیڈا کی ہائی کمشنر برائے پاکستان وینڈی کرستیں گلمور سے اہم ملاقات ہو ئی جس میں پاک کینیڈا دو طرفہ تعلقات سمیت افغانستان اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

شیخ رشید نے کینیڈین ہائی کمشنر سے ملاقات میں کہا پاکستان افغانستان میں امن اور سیاسی استحکام کے لئے اپنا کردار کرتا رہے گا،افغانستان ایک خود مختار ملک ہے اپنے فیصلے خود لینے کے لئے بااختیار ہے،انہوں نے کہا افغانستان کو مشورہ تو ضرور دے سکتے ہیں لیکن کسی خاص فیصلے کیلئے مجبور نہیں کر سکتے ۔

ملاقات میں اتفا ق کیا گیا کہ افغانستان میں پائیدار امن خطے کی ترقی اورافغان شہریوں کی خوشحالی کے لئے ناگزیر ہے،افغان شہریوں کی انسانی بنیادوں پر امداد ضروری ہے،غذائی قلت پیدا ہونے کے عوامل کو ختم کرنے کی ضرورت ہے،ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ ہیںاسے  مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا طالبان حکومت کو اس وقت فنڈز اور انسانی وسائل کی کمی کا سامنا ہے،مالی اور انسانی وسائل کی کمی سے حکومت چلانا طالبان کے لئے ایک بڑاچیلنج ہوگا،انہوں نے کہا بین الاقوامی برادری طالبان کو وقت اور وسائل دے؛ امید ہے طالبان اپنے وعدوں پر مکمل عملدآمد کرینگے۔

شیخ رشید نے کہا افغانستان سے انخلاء میں بین الاقوامی برادری کی مدد اور معاونت جاری رکھیں گے۔

کینیڈین ہائی کمشنر نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے ملاقات کے دوران کہا  کینیڈین ہائی کمیشن کی درخواست پر افغان شہریوں کے انخلاء پر پاکستان کے مشکور ہیں،انہوں نے کہا پاکستان کا افغانستان سے غیر ملکی اور افغان شہریوں کو نکالنے میں کردار غیر معمولی کارنامہ ہے،موجودہ حالات میں افغان شہریوں کے لئے انسانی بنیادوں پر امداد کی ہے۔ 

کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا پاکستان کی طرف سے تیس لاکھ افغان مہاجرین کی دیکھ بھال قابل رشک ہے،شیخ رشید نے کینڈین ہائی کمشنر کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا پاکستان پہلے کی طرح افغانستان کیلئے مثبت رول ادا کرتا رہے گا اور کینیڈین ہائی کمشنر کی درخواست پر مزید افراد کو افغانستان سے نکالنے میں معاونت فراہم کریگا ۔

مزیدخبریں