جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹس، ایف آئی اے کا ملوث عناصر کیخلاف کاروائیوں کا آغاز

02:18 PM, 28 Sep, 2021

اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی ثناء اللہ عباسی نے کہا ہے کہ ایف آئی اے نے کورونا کے جعلی سرٹیفکیٹس جاری کرنے والوں کے خلاف کاروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری کورونا وائرس کی وبا کی لہر کے دوران ان تمام لوگوں کے خلاف ایف آئی اے کارروائی کا آغاز کرنے جا رہا ہے جو کورونا ویکسی نیشن کے جعلی سرٹیفکیٹس بنا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے ان تمام شہریوں کی تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں، اس ضمن میں 41 ایسے افراد کو گرفتار کیا گیا ہے یہ افراد مجرمانہ فعل میں ملوث ہیں اور ملک و قوم کیلئے شرمندگی کا باعث ہیں۔ جو جعلی سرٹیفکیٹس بنا رہے ہیں اور ایسے تمام افراد کے جعلی سرٹیفکیٹس کو منسوخ کر دیا گیا ہے اور جن لوگوں نے جعلی سرٹیفکیٹس جاری کروائے ہیں ان کو بھی ایف آئی اے طلب کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایف آئی اے کے پاس ایسے لوگوں کو ٹریس کرنے کا مکمل ٹریکنگ سسٹم موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 75 ملین لوگوں کو ابھی تک ویکسین لگائی جا چکی ہے اور جعلی سرٹیفکیٹس والے افراد بہت کم ہے تاہم ایف آئی اے ایسے افراد کے خلاف کارروائی کرے گا۔انہوں نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمام افراد قانونی طریقے سے ویکسی نیشن کا عمل مکمل کریں۔

مزیدخبریں