برطانیہ میں پٹرول کی قلت شدت اختیار کرگئی ، فوج طلب کرلی گئی

01:43 PM, 28 Sep, 2021

لندن : برطانیہ میں پٹرول کی قلت پیدا ہوگئی ، حکام نے فوج کو بحران میں تعاون کے لئے الرٹ جاری کردیا ۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق  لندن سمیت ملک بھر میں 4 روز سے مسلسل پٹرول  کی قلت کا سامنا ہے پٹرول پمپوں پر گاڑیوں ، بسوں اور موٹرسائیکلوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئی ہیں ۔ملک بھر کے پٹرول پمپوں سے نوے فی صد تک پٹرول ختم ہوچکا ہے ۔ 

حکام کا کہنا ہے کہ بحران میں شدت اس لیے بھی مزید بڑھ گئی ہے  کیونکہ خدشات کا شکار عوام نے ضرورت سے زیادہ پیٹرول خریدنا شروع کردیا ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ملک میں پٹرول کی قلت ہے تاہم برطانوی حکومت اور پیٹرول ایسوسی ایشن نے ٹینکر ڈرائیوروں کی کمی کو اس بحران کی وجہ قرار دیا ہے۔ 
پٹرول کے  بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت نے فوج کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے اور 150 فوجی ٹینکر ڈرائیورز ملک میں پٹرول کی سپلائی میں حصہ لیں گے۔

حکومت نے پٹرول کی قلت کو دور کرنے کےلیے ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے ۔ برطانوی حکام نے  نہ صرف پٹرولیم کمپنیوں کو مسابقتی قانون سے چھوٹ دینے کا اعلان کردیا بلکہ ڈرائیوروں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے غیرملکی ڈرائیوروں کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں دسمبر تک کے لیے پرکشش معاوضوں پر 5 ہزار عارضی ویزے جاری کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں