اسلام آباد : مقامی عدالت نے عثمان مرزا سمیت سات ملزمان پرفردجرم عائد کردی ۔ ملزمان کو چارج شیٹ پڑھ کر سنائی گئی لیکن ملزما ن نے صحت جرم سے انکار کیا ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ای الیون میں لڑکی لڑکا تشدد اور بلیک میلنگ کیس میں مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت سات ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے فرد جرم عائد کی۔سماعت کے دوران ملزمان کو چارج شیٹ پڑھ کر سنائی گئی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ۔
عدالت کی طرف سے مرکزی ملزم عثمان مرزا کے علاوہ شریک ملزمان عطا الرحمن، ادریس قیوم بٹ، ریحان، عمر بلال مروت، محب بنگش، فرحان شاہین پر بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے ۔
فرد جرم کے بعد ملزمان کے خلاف باقاعدہ ٹرائل شروع ہو گیا ہے۔عدالت نے فرد جرم کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کر دیں جبکہ عدالت نے گواہان کے بیانات قلمبند کرنے کے لیے گواہوں کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ۔
کیس کی مزید سماعت 12اکتوبر تک ملتوی ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کے ای الیون سیکٹر میں عثمان مرزا اور دیگر ملزمان نے ریسٹ ہاؤس میں لڑکی اور لڑکے پر تشدد کیا اور ان کو بلیک میل کرکے پیسے بٹورتے رہے ۔ لڑکی اور لڑکے پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی جس پر ملک بھر میں اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور وزیراعظم عمران خان نے بھی اس کا نوٹس لیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایات جاری کیں ۔