ریاض: سعودی عرب میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین کی تیسری خوراک لگانے کا اعلان کر دیا گیا ۔
اس حوالے سے سعودی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کورونا ویکسین کی تیسری خوراک عمر رسیدہ افراد کو تقویت دینے کیلئے لگائی جائے گی ۔ 60 سال سے زائد عمر کا ہر وہ شخص جس کو ویکسین کی ڈوز لگوائے 8 ماہ گزر چکے ہوں وہ بوسٹر ڈوز لگوا سکتا ہے ۔
سعودی محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ روز ملک میں 44 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 5 افراد عالمی وبا کے باعث جان کی بازی ہار گئے ۔
حکام نے مزید بتایا کہ 58 افراد وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں ، جس سے مملکت کے تمام علاقوں میں صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 535950 ہو گئی ہے ۔
واضح رہے کہ مملکت میں ریکارڈ شدہ کیسوں کی کل تعداد 546926 تک پہنچ گئی ہے ، جبکہ مملکت میں اموات کی کل تعداد 8699 ہے ۔
ادھر پاکستان میں کورونا نے مزید 41 افراد کو موت کی نیند سلا دیا جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 27 ہزار ، 638 ہو گئی ہے ۔ جبکہ 4 ہزار ، 15 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ، چوبیس گھنٹے کے دوران ملک بھر میں ایک ہزار ، 400 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 12 لاکھ ، 41 ہزار ، 825 تک پہنچ چکی ہے ۔
این سی او سی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں ، 44 ہزار ، 116 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح ، 3.17 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔