اسلام آباد: پاکستان میں اپنی طرز کے ایک انوکھے اور دلچسپ منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے، جسے آلودگی پر قابوب پانے کیلئے اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، اس منصوبے کے تحت اسلام آباد میں پلاسٹک کی بوتلوں سے ایک سڑک تعمیر کی جائے گی، اس کا آغاز آئندہ چند روز میں کر دیا جائے گا۔
اس سلسلے میں اسلام آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور مشروبات کی ایک مشہور کمپنی کے درمیان معاہدہ طے پا چکا ہے جسے ’پلاسٹک روڈ پراجیکٹ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ منصوبے کے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت استعمال شدہ بوتلوں سے سڑک بنائی جائے گی۔ اس تجربے کی کامیابی کی صورت میں ایوب چوک سے مارگلہ روڑ تک اس کی توسیع کر دی جائے گی۔
چیئرمین سی ڈی اے کا اس پراجیکٹ پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسے ابھی آزمائشی بنیادوں پر تعمیر کیا جا رہا ہے، اس کا مقصد یہ دیکھنا ہے کہ پلاسٹک کی بوتلوں سے بننے والی یہ سڑک کتنی پائیدار ہوگی۔ پاکستان میں اس طرح کا تجربہ پہلی بار کیا جا رہا ہے، کامیابی کی صورت میں اسے ایک کلومیٹر تک طویل کر دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سڑک بنانے کی ذمہ داری مشروبات بنانے والی کمپنی کے ذمہ ہوگی لیکن اس کے بعد مستقبل میں ایسے بننے والے تمام منصوبے اسلام آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذمہ ہونگے۔ پلاسٹک سے سڑک بنانے سے ماحول کو کم نقصان پہنچے گا۔ بھارت سمیت متعدد ممالک میں اس طرح کے تجربات کیے گئے ہیں۔