سابق ٹیسٹ کرکٹر انضمام الحق کو دل کا دورہ ، ہسپتال داخل

08:31 AM, 28 Sep, 2021

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کو دل کی تکلیف کے باعث ہسپتال داخل کرادیا گیا ہے ۔ سابق کرکٹر کی انجیو پلاسٹی کردی گئی ہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر انضمام الحق کو دل کے دورے کے باعث ہسپتال داخل کرایا گیا ہے ۔ ڈاکٹروں نے تفصیلی چیک اپ کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر کو سٹنٹ ڈال دیا ہے ۔ 

ذرائع کے مطابق  معروف سرجن پروفیسر ڈاکٹر زبیر اکرم نے عالمی شہرت یافتہ بلے باز انضمام الحق کی انجیو پلاسٹی کی ۔ 

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ انضمام الحق کی طبعیت پہلے سے بہتر ہے اور وہ مزید کچھ دن ریسٹ کریں گے ۔ 

انضمام الحق کے اہل خانہ نے مداحوں سے ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی اپیل کی ہے ۔ 

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں۔

ورلڈکپ 1992 کے سیمی فائنل کے ہیرو انضمام الحق نے 120 ٹیسٹوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 8830 رنز بنائے ہیں۔

ان کا ٹیسٹ میں انفرادی اسکور 329 رنز ہے جب کہ وہ پاکستان کے لیے 25 ٹیسٹ سینچریاں اور 46 نصف سینچریاں بنا چکے ہیں۔

ایک روزہ میچز میں انضمام الحق نے پاکستان کی جانب سے 378 میچز کھیل کر 11739 رنز اسکور کیے ہیں۔ انہوں نے 10 سینچریاں اور 83 نصف سینچریاں بنائی ہیں۔

مزیدخبریں