اکتیس دسمبر تک تمام مجرم جیل کی رونقیں بحال کریں گے، شیخ رشید کا دعویٰ

01:26 PM, 28 Sep, 2020

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کرنے والے چوروں نے ملک کا پیسہ لوٹا۔ ان ہی کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ہوئی۔ وزیراعظم انھیں نکیل ڈالیں گے اور ان کو اصل جگہ پر پہنچائیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ تمام تجاوازت کو خالی کرائیں۔ ہمارے پاس برطانیہ کے دور کا نقشہ موجود ہے۔ سندھ حکومت کی بھی ہمیں سپورٹ حاصل ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد جتنی جلدی ممکن ہوا کے سی آر بنائیں گے۔ 10.5 بلین کراچی سرکلر کیلئے رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے ابھی تک میرے دس سوالوں کے جواب نہیں دیئے۔ ووٹ کو نہیں بلکہ کورٹ کو عزت دو۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں شیخ رشید نے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم نے اے پی سی سے بھارت کے اثرورسوخ کے حامل ایجنٹ کے طور پر خطاب کیا تھا۔

لاہور میں پریس کانفرنس میں انہوں نے نواز شریف کے سامنے اپنے 10 سوال رکھے اور پوچھا تھا کہ

سوال نمبر 1: آپ نے اسامہ بن لادن سے کتنی ملاقاتیں کیں اور کتنے پیسے بطور چندہ وصول کیے؟

سوال نمبر 2: اجمل قصاب کے گھر کا پتا کس نے دیا؟ وہ کون لوگ تھے جنہوں نے بھارت کو اجمل قصاب کا ڈیٹا فراہم کیا؟

سوال نمبر 3: دشمن ملک کے سربراہ نریندر مودی کو رائیونڈ میں بلا کر کیا باتیں کیں؟

سوال نمبر 4: نریندر مودی کو ملک سے باہر فون کیوں کرتے تھے؟

سوال نمبر 5: لاہور سے حملہ آوروں کی بسیں اسلام آباد لے جا کر چیف جسٹس سجاد شاہ کی موجودگی میں سپریم کورٹ پاکستان پر یلغار کس نے کی؟

سوال نمبر 6: کس نے پنجاب ہاؤس میں صبح ناشتہ کروا کر سپریم کورٹ پر حملہ کروایا؟

سوال نمبر 7: بیماری کا بہانہ کرکے نواز شریف ملک سے گئے، ووٹ کی بات کرتے ہیں تو کورٹ کی بات کیوں نہیں کرتے؟

سوال نمبر 8: ڈان لیکس کے پیچھے کون تھا؟ 2013 کے انتخابات میں کتنا پیسا خرچ کیا اور سیف الرحمٰن کے ذریعے قطر سے آپ کو کتنی رقم وصول ہوئی؟

سوال نمبر 9: نیب کی عدالت پر پتھراؤ کی منصوبہ بندی لندن سے کتنے دنوں میں ہوئی اور وہ کیمرے جنہوں نے اس فوٹیج کو کور کیا اسے روکنے کے لیے کتنی کوششیں کیں؟

سوال نمبر 10: شیخ رشید نے آخری سوال کیا کہ بینظیر بھٹو کی کردار کشی کے لیے پیٹر گیلبرتھ کے جعلی دستخط سے حسین حقانی کے دریعے خط سے کس نے جاری کیا تھا؟

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں میاں نواز شریف کے سامنے یہ 10 سوار چھوڑ کر جا رہا ہوں، مجھے امید ہے کہ پیر تک ان کے جوابات مل جائیں گے۔

مزیدخبریں