اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر آئے افغان اعلیٰ سطح مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات، خطے کی صورتحال سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی۔
تفصیل کے مطابق افغانستان کی اعلیٰ سطح مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ پہنچے جہاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کا بطور چیئرمین مفاہمتی کونسل، پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اس وفد میں افغان قومی مفاہمت کونسل کے مرکزی عہدیداران شامل ہیں۔
چیئرمین افغان مفاہمتی کونسل ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے اہم ملاقات کی جس میں افغان مفاہمتی عمل، بین الافغان مذاکرات اور باہمی دلچسپی سمیت دیگر موضوعات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال گیا۔
ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پاکستان کی طرف کی طرف سے کی جانے والی مخلصانہ اور مصالحانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان شروع سے کہتے آ رہے ہیں کہ افغان مسئلے کا حل طاقت کے ذریعے ممکن نہیں ہے۔
اپنے تین روزہ دورہ پاکستان کے دوران ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ وزیراعظم عمران، صدر عارف علوی، چیٸرمین سینیٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ توقع ہے کہ اس اعلیٰ سطح دورے سے افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔