کیلی فورنیا : امریکی ریاست کیلی فورنیا میں گرمی کی لہر اور خشک ہواؤں نے جنگلات کی آگ کو مزید بھڑکا دیا ہے ۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کیلی فورنیا کے فائر ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ کیلی فورنیا کے جنگلات میں اگست کے وسط میں لگنے والی آگ سے اب تک 37 لاکھ ایکڑ سے زیادہ کا رقبہ جل کر راکھ ہو چکا ہے۔
آتشزدگی کے نتیجے میں اب تک 26 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ 25 مقامات پر لگی آگ پر قابو پانے کے لیے 17 ہزار فائر فائٹرر مصروف ہیں جبکہ ہوائی جہازوں سے مدد بھی لی جارہی ہے ۔
آگ سے ریاست اوریگن کی سرحد سے لے کر سان فرانسسکو تک کے علاقے شدید متاثر ہو چکے ہیں اور جنوبی کیلی فورنیا اس کی لپیٹ میں ہے ۔ امریکی محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ہیٹ ویو کے خدشے کے باعث گھروں پر رہنے کی تلقین کی ہے ۔