اپوزیشن کی نظر میں پارلیمنٹ کا مقصد ذاتی مفادات اور این آر او کی ڈیمانڈ کے سوا ئےکچھ نہیں، مراد سعید 

11:24 AM, 28 Sep, 2020

اسلام آباد: وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ ایک بار پھر ثابت ہوا کہ اپوزیشن کی نظر میں پارلیمنٹ کا مقصد ذاتی مفادات، این آر او مطالبے کے سوا کچھ نہیں ہے۔

مراد سعید کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلاول زرداری کی مشاورت سے بلائے گئے اہم اجلاس سے زرداری لیگ نے بھی راہ فرار اختیار کیا۔ کسی بھی اہم ایشو کے حوالے سے ان کو بلایا جائے تو راہ فرار اختیار کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد مسائل کا حل اور ملکی ایشوز پر اتفاق رائے نہیں، صرف اپنی جائیدادیں بچانا ہے۔ کشمیر کے اہم مسئلے پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھی نیب کیسز کا ذکر ہوتا رہا جبکہ گلگت بلتستان سے متعلق بلائے گئے اہم اجلاس میں بھی انہوں نے شرکت نہیں کی۔

انہوں نے اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ پریس کانفرنس میں الیکشن سے متعلق بات کرتے ہیں، تجاویز مانگیں تو بھاگ جاتے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ ٹی وی پر پارلیمنٹ کی بالادستی کا لیکچر دینے والوں کی غیر سنجیدگی ایک بار پھر سامنے آئی۔ پارلیمان کی بالادستی اہم قومی ایشو اور عوامی مفاد کی قانون سازی سے ہوتی ہے جو اپوزیشن کی ترجیح نہیں ہے۔

مزیدخبریں