دبئی : سن رائیزرز حیدرآباد کے مایہ ناز آل راؤنڈر مچل مارش ٹخنوں کی انجری کے باعث آئی پی ایل 2020 سے باہر ہوگئے ہیں ان کی جگہ ویسٹ انڈیز کے ٹیسٹ کپتان اور آل راﺅنڈر جیسن ہولڈر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
اس بات کا اعلان فرنچائز سن رائیزرز حیدرآباد نے اپنے سوشل میڈیا چینلز پر اعلان کیا ہے۔ سن رائیزرز حیدر آباد کی نمائندگی کرنے والے 28 سالہ مچل مارش رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف آئی پی ایل 2020 سیزن کے ابتدائی میچ میں دائیں ٹخنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔
انجری مسائل کے باعث وہ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ٹیم کے مڈل آرڈر پر اپنی نامزد پوزیشن پر بیٹنگ کے لئے بھی نہ آسکے اور دسویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے آؤٹ ہوئے تاہم انجری کی وجہ سے وہ اپنے ٹخنوں پر وزن نہیں ڈال سکے تھے اور پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم کے معاون عملے کی مدد سے انہیں میدان سے باہر لے جانا پڑا۔
میچ کے بعد کی تقریب میں سن رائیزرز ٹیم کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ان کے ہم وطن مچل مارش کی انجریسنگین نوعیت کی ہے، جس کی تصدیق سکین ٹیسٹ رپورٹس کے بعد ہوگئی ہے۔ 2018 میں بھی مچل مارش کو دورہ جنوبی افریقہ کے بعد اپنے ٹخنے کی سرجری کی ضرورت تھی۔ گزشتہ سال بھی مارش تسمانیہ کے خلاف شیفیلڈ شیلڈ میچ میں آؤٹ ہونے کے بعد مایوسی کے عالم میں دیوار میں گھونسہ مارنے کے بعد اپنی کلائی توڑ بیٹھے تھے۔
دریں اثنا جیسن ہولڈر ماضی میں11 آئی پی ایل میچز کھیل چکے ہیں اور اس دوران جیسن ہولڈر نے سن رائزرز حیدرآباد سمیت تین آئی پی ایل ٹیموں کی نمائندگی کی ہے، جن میں انہوں نے 2016 کے سیزن میں آخری میچ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی طرف سے کھیلا تھا۔