اسلام آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل سید ذوالفقار عباس بخاری نے کہا ہے کہ کووڈ 19 کی وباءکے باوجود پاکستان میں سیاحت بحال ہورہی ہے۔
اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں معاون خصوصی نے کہا کہ سفری و سیاحت کی بین الاقوامی صنعت نے کورونا وباءجیسا سخت وقت کبھی نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس طرح کے حالات کا کبھی سامنا نہیں کرنا پڑا جس کی وجہ سے پاکستان میں بھی سیاحت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔
عالمی یوم سیاحت کے موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی و نیشنل ٹورازم کوآرڈینیشن بورڈ کے چیئرمین سید ذوالفقار عباس بخاری نے کہا کہ پاکستان بہترین سیاحتی مواقع پیش کرنے والی سرزمین ہے جو اپنی روایتی مہمان نوازی اور متنوع سیاحت کے بھر پور مواقع کی بنیاد پر سیاحوں کی منتظر ہے۔