بھارتی سپریم کورٹ نے آرٹیکل 370 اور 35 اے کیس کی سماعت کیلئے بنچ تشکیل دیدیا

01:26 PM, 28 Sep, 2019

نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ نے آرٹیکل 370 اور 35 اے کیس کی سماعت کے لیے بنچ تشکیل دے دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 5 رکنی بینچ یکم اکتوبر کو سماعت کا آغاز کرے گا۔

یاد رہے اس قبل بھارتی سپریم کورٹ نے مودی سرکار کو مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ہٹا کر حالات نارمل کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے کانگریس رہنما غلام نبی آزاد کو بھی وادی کا دورہ کرنے کی اجازت دیتے ہوئے اصل حقائق عدالت میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا ضرورت پڑی تو وہ خود بھی مقبوضہ وادی جائیں گے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے عائد کردہ جبری ریاستی پابندیوں کو 56 روز ہو چکے ہیں۔ قابض بھارتی افواج کے ظلم و جبر کے باعث عوام الناس اپنے گھروں میں محصور ہیں، مواصلاتی رابطے منقطع ہیں، دکانیں و کاروبار بند ہیں اور اشیائے خور و نوش سمیت ادویات کی قلت انسانی المیے کو جنم دے رہی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی تعداد اس وقت 9 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے اور بھارتی انتظامیہ نے پورے کشمیر کو چھاؤنی میں تبدیل کر رکھا ہے۔ ریاستی جبر و تشدد کے نتیجے میں متعدد کشمیری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں