دبئی: ابوظبی میں پولیس ایک مشتبہ شخص کو متحدہ عرب امارات کے خفیہ راز چرانے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اس مشتبہ شخص کی گرفتاری ایک شہری کی اطلاع پر عمل میں آئی ہے، اس نے اس شخص کی مشکوک حرکات پر حکام کو اس کے ایڈریس کے بارے میں بتایا تھا۔
گرفتار شخص کے خلاف ایک غیرملک کے لیے جاسوسی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے, اب اس کے خلاف عدالت میں مقدمے کی سماعت جلد کی جائے گی، مشتبہ ملزم پر یو اے ای کی خفیہ معلومات حاصل کرنے کے الزام میں بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یو اے ای کے اٹارنی جنرل ڈاکٹر حماد سیف الشمسی نے بتایا ہے کہ ایک امارتی شہری نے سرکاری استغاثہ کو اس مشتبہ شخص کی مشکوک حرکات و سکنات کے بارے میں مطلع کیا تھا۔
حکام نے ابتدائی تحقیقات کے بعد اس کو گرفتار کرلیا تھا، اس نے اپنے جرائم کا اقرار کرلیا ہے اور ملزم کا کیس عدالت میں فوری سماعت کے لیے بھیج دیا گیا ہے، اب اس کے خلاف جاسوسی کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔