فیصل رضا عابدی کی گرفتاری، اسلام آباد پولیس کو سندھ حکومت کا گرین سگنل

09:07 PM, 28 Sep, 2018

کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے اسلام آباد سے آئی پولیس ٹیم کو فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کا گرین سگنل دیتے ہوئے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے اسلام آباد سے کراچی آنے والی پولیس ٹیم کو سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے اجازت نامے میں کراچی پولیس کو وفاقی دارالحکومت سے آئی ٹیم کی معاونت فراہم کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیاہے۔

پی پی کے سابق رہنما کی گرفتاری کے لیے دو روز قبل اسلام آباد سے ٹیم کراچی پہنچی تھی تاہم سندھ حکومت کی جانب سے اجازت نامہ جاری نہیں کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کے خلاف نازیبا الفاظ بولنے کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے  خلاف 21 ستمبر کو انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اسلام آباد کے تھانہ سیکٹریٹریٹ میں مقدمہ سپریم کورٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ فیصل رضا عابدی نے ایک ٹی وی پروگرام میں چیف جسٹس کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے۔ ایف آئی آر میں مذکورہ پروگرام کے اینکر کا نام بھی درج کیا گیا ہے اور اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ فیصل رضا عابدی سنہ 2009 سے 2013 تک پی پی کے سینیٹر رہے۔ اس دوران وہ کئی قائمہ کمیٹیوں کے رکن بھی رہے۔

مزیدخبریں