لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کپتان کی تبدیلی کا امکان مسترد کردیا۔
قومی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اسے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بنگلہ دیش سے بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ٹیم کی مجموعی کارکردگی کے علاوہ کپتان سرفراز احمد کی انفرادی کارکردگی بھی مایوس کن رہی ہے جس کے باعث وہ تنقید کی زد میں ہیں۔ایسے میں اب پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین احسان مانی نے سرفراز احمد پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور کپتان کی تبدیلی کا امکان مسترد کردیا ہے۔احسان مانی کا کہنا ہے کہ ٹیم کھیلتی ہے تو جیت اور ہار ہوتی ہے اور ابھی کسی قسم کی تبدیلیوں کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلی سیریز میں اسی کپتان اور ٹیم کی پرفارمنس بہترین ہوگی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز کپتان سرفراز احمد نے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کا اعتراف کیا تھا۔