ممبئی :شعیب ملک اورثانیہ مرزا کے بچے کی ولادت چند دن بعد بھارت میں متوقع ہے۔ قومی ٹیم کے سینئر بیٹسمین شعیب ملک اہلیہ کے ساتھ وقت گزارنے ہمسایہ ملک میں موجود اپنے سسرال پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق سابق کپتان ٹیم انتظامیہ اور پی سی بی سے باقاعدہ اجازت سے دبئی سے حیدر آباد پہنچے ہیں، وہ ننھے مہمان کی آمد کے چند دن بعد تک اپنی اہلیہ کے پاس ہی موجود رہیں گے۔ ایشیا کپ سے پہلے شعیب ملک نے لاہورمیں میڈیا کے سوال پراس بات کا عندیہ دیا تھا کہبچے کی نیشنلیٹی پاکستان اور ہندوستان کے بجائے کسی تیسرے ملک کی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے مداحوں سے یہ درخواست بھی کی تھی کہ وہ دعاکریں کہ یہ وقت بھی خیریت سے گزرے۔
ابھی تک بچے کی ولادت بھارت میں ہی حیدر آباد یا کسی دوسرے شہرمیں متوقع ہے۔ شعیب ملک کی آمد کے بعد ایک بارپھران کی بھی حتمی رائے لی جائے گی جس کے بعد بچے کی ولادت کے شہر کا باقاعدہ فیصلہ ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچزکے بعدتین ٹی ٹوئنٹی میچز 24 ، 26 اور 28 اکتوبرکوکھیلے جانے ہیں تاہم ٹیسٹ کرکٹرسے کنارہ کشی اختیارکرنے والے شعیب ملک ٹی ٹوئنٹی میچزمیں شرکت کرسکیں گے یا نہیں اس کا فیصلہ بچے کی ولادت سے مشروط ہے۔ پی سی بی نے شعیب ملک کو اجازت دی ہے کہ وہ جب تک اہلیہ کے پاس رہنا چاہیں رہ سکتے ہیں۔
یادرہے کہ پاکستانی کرکٹراسٹارشعیب ملک اوربھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی شادی بارہ اپریل 2010 کو ہوئی تھی اور 8 سال بعد وہ والدین بننے جارہے ہیں